دبئی30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور باغیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد نے واضح کیا ہے کہ فورسز کی تازہ نقل وحرکت کامقصدیمن کا محاصرہ کرنا نہیں بلکہ باغیوں کو اسلحہ کی سپلائی روکنا ہے۔العربیہ ٹی وی چینل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عرب اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک یمن میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے، تجارتی سامان کی آمد و رفت کو یقینی بنانے اور تیل کی مصنوعات کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد یمن کا گھیراؤ نہیں کررہا ہے بلکہ تازہ نقل وحرکت کامقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ روکنا ہے۔بیان میں مزیدکہاگیا ہے کہ یمن میں صحت کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں تعز کے اسپتالوں کو 40ٹن ادویہ اور طبی سامان مہیا کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عرب اتحاد یمن میں تجارتی سامان اور تیل کی مصنوعات کی فراہم یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہا ہے۔ اس ضمن میں تجارتی سامان کی آمدورفت کے لیے چار ہزار پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔باغیوں کے زیرکنٹرول رہنے والی الحدیدہ گذرگاہ سے تجارتی جہازوں کو گذرنے کے لیے1462پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔
حضرت مہدی اُڑن طشتری استعمال کرتے ہیں،ایرانی مرجع تقلید
دبئی30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سماجی رابطے کی فارسی زبان کی ویب سائٹوں پر ان دنوں ایران کی ایک نمایاں شیعہ مذہبی شخصیت کے دلچسپ بیان کاچرچاہورہا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قُم شہر میں مرجع تقلید مکارم شیرازی نے دعوی کیا ہے کہ شیعوں کے نزدیک بارہویں امام حضرت مہدی منتظر (علیہ السلام)آسمان میں سفر کے لیے اُڑن طشتری کا استعمال کرتے ہیں۔نیوز ایجنسی کے مطابق شیرازی نے جمعے کے روز اپنے ایک معتقد کی جانب سے حضرت مہدی منتظر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ اُڑن طشتری سے ملتے جلتے کمال درجے کے ایک ذریعے پر سوار ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ آسمان کا سینہ چیرتے ہیں۔ روایت میں بادل کا لفظ استعمال ہوا ہے تاہم یقیناًاس سے مراد عام بادل نہیں ہے کیوں کہ وہ سفر کے لیے استعمال ہونے والا کوئی ذریعہ نہیں۔ یہاں بادل کی مانند سفر کرنے والے ایک ذریعے کی جانب اشارہ ہے جس کی آواز بادل کی گرج کی سی ہے اور رفتار بجلی کی کوند کی طرح ہے۔یاد رہے کہ مکارم شیرازی اپنے قول میں شیعہ مذہب کے پانچویں امام محمد بن علی باقر رحمت اللہ علیہ سے منسوب ایک روایت کو بنیاد بناتے ہیں۔ شیرازی کے مطابق روایت میں بتایا گیا ہے کہ مہدی منتظرآسمان میں بادل کی طرح چلنے والا ذریعہ استعمال کرتے ہیں۔واضح رہے کہ بہت سے حلقوں نے اس عقیدے کا فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کی۔ بعض نے مہدی منتظر سے تعلق کا دعویٰ کیاجب کہ بعض نے یہ دعوی کیا کہ ان کی قیادت مہدی منتظر سے رابطے میں ہیں۔ آج بھی ایرانی مرشد اعلیٰ علی خامنہ ای کے بعض حامیوں کا کہنا ہے کہ ’’السید الخراسانی‘‘(خامنہ ای خراسان کے شہر مشہد میں پیدا ہوئے)ہی وہ شخصیت ہیں جو مہدی منتظر کو پرچم حوالے کریں گے۔